وزیراعظم عمران خان سے امریکی سنٹرل کمانڈ (یو ایس سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی کی ملاقات

124

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے امریکی سنٹرل کمانڈ (یو ایس سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف میکنزی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ مارچ 2019ءمیں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے جنرل کینتھ ایف میکنزی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں افغانستان میں سیاسی عمل کے ذریعے امن و استحکام کے حوالے سے اپنے دیرینہ عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلہ کے متفقہ حل کے لئے تمام شراکت داروں بشمول طالبان کے ساتھ براہ راست رابطے کی پالیسی افغانستان میں دیرینہ تنازعہ کے حل کے لئے وسیع امکانات رکھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے انٹرا افغان ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان شراکت داروں کو ملک سے غیر ملکی فوجوں کے انخلاءکے بعد اپنے مستقبل کی پالیسی کے خدوخال پر بات چیت کے لئے مل کر بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسائیگی تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے جنرل کینتھ ایف میکنزی کو اپنی حکومت کے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے عزم سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اسے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ وزیراعظم نے انسانی ترقی اور جامع اقتصادی اصلاحات سمیت اپنی حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک بشمول بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ابھرتے ہوئے خطرات بالخصوص پاک افغان سرحد پر آئی ایس آئی ایس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔