اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لئے امریکہ سمیت تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے، علاقائی تعاون کے لئے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی ضرورت ہے۔ اتوار کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق سینئر یو ایس ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ سینیٹر گراہم دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سلامتی کی صورتحال کے جائزے کے لئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ سینیٹر گراہم نے افغانستان میں سیاسی حل تلاش کرنے کے لئے حالیہ جاری کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے معیشت کی بہتری، بدعنوانی کے خاتمے اور پاکستانی عوام کے لئے ملازمتوں کے مواقع تخلیق کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کے لئے امریکہ اور خطے کے دیگر فریقین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ حالات معمول پر لائے جائیں تاکہ علاقائی تعاون کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی اقتصادی ٹیم سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست پالیسیوں کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، امریکی کمپنیاں بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تاریخی روابط کے حوالے سے دونوں اطراف نے باہمی اقتصادی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔