اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایتھوپیا کے نائب وزیر خارجہ ایمبیسیڈر رضوان حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ایمبیسیڈر رضوان حسین ایتھوپیا کے وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد علی کی طرف سے ایتھوپیا کے دورے کی دعوت سمیت ایک باضابطہ پیغام پہنچایا۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم ابی احمد علی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور خیر سگالی و دوستی کے جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔ وزیراعظم نے ایتھوپیا کے دورے کی دعوت دینے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ایتھوپیا کے اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت کا ”انگیج افریقہ وژن” براعظم افریقہ تک رسائی بڑھانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کا مظہر ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کو دونوں ممالک کی مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے حکومت کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کو اجاگر کیا اور ایتھوپیا گرین لیگیسی اقدام کو سراہا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایتھوپیا کے وزیراعظم کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کے لوگ ان کے دورے کے منتظر ہیں۔