
اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ایران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی کے پیغام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایران کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری ان کی حکومت کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ اس موقع پر پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے مسلمان ممالک میں تنازعات اور اتحاد نہ ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اس حوالہ سے انہوں نے یمن کے لوگوں کو درپیش انسانی حقوق کے مسائل کا ذکر کیا۔ انہوں نے یمن کے تنازعہ کے حل کیلئے ذاتی طور پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام متعلقہ فریق اس پر رضامند ہوں تو پاکستان تنازعہ کے خاتمہ کیلئے ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایران کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔