اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے جارج ٹاﺅن یونیورسٹی میں اسلامی تاریخ کی پروفیسر ڈاکٹر تمارا سون نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر تعلیم شفقت محمود، صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں، وزیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاءاللہ بنگش بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اسلام کی تاریخ، اسلامی تہذیب و تمدن، اسلام کی تعلیمات خصوصاً شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی دین اسلام کی تعلیمات، شاعری اور فلسفے کے حوالے سے اور نوجوان نسل میں اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات پر بھی خصوصی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی ترویج خصوصا صوفیائے کرام کی خدمات اور انکی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوفی تعلیمات کا ان کی حقیقی روح کے مطابق ادراک اور نئی نسل کی صوفیائے کرام کے فلسفے سے آگاہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ اسلام کے اصل تشخص اورصوفیائے کرام کی شخصیات اور انکی تعلیمات سے نوجوان نسل کو روشناس کرایا جائے اور اس حوالے سے مطالعے اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوفی تعلیمات کی آگاہی اور نئی نسل میں ان تعلیمات کے ان کی اصل روح کے مطابق مطالعے کی غرض سے القادر یونیورسٹی کا کچھ عرصہ قبل سوہاوہ میں سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں صوفی تعلیمات کے حوالے سے مضامین متعارف کروانے کے ضمن میں وزارت تعلیم کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو مضامین کی نوعیت اور نصاب کا تعین کر کے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر تمارا سون کی تعلیمی و تحقیقی کاوشوں خصوصا طلبا کواسلام کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی کوششوں کو سراہا۔