وزیراعظم عمران خان سے جمہوریہ جبوتی کی قومی اسمبلی کے صدر کی ملاقات

268

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی انگیج افریقہ پالیسی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات اور اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہے، پاکستان جلد ہی جبوتی میں اپنا ریذیڈنٹ سفارتی مشن قائم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ جبوتی کی قومی اسمبلی کے صدر محمد علی حامد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں پارلیمانی وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے جبوتی کے وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہب اور اقدار پر مبنی ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر خیالات میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور جبوتی کے وفد نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا اور علاقائی تناظر میں امن و سلامتی کی اہمیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جبوتی کی قومی اسمبلی کے صدر نے پاکستان کی تاریخی حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جبوتی کے پارلیمانی وفد کے دورہ سے پاکستان اور جبوتی کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔