اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے عوام کو درپیش مسائل سے مکمل آگاہ ہے اور وہ جلد صوبہ کا دورہ کریں گے۔ بدھ کو حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھراور میرپور خاص ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان اراکین نے اس موقع پر کہا کہ جنہوں نے بھی سرکاری وسائل لوٹے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ ملاقات کرنے والوں میں محمد میاں سومرو، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، نزہت پٹھان، لعل چند، جے پرکاش، صابر حسین قائم خوانی، صلاح الدین اور سائرہ بانو شامل تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، ارشد داد، سیف اﷲ نیازی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، صوبہ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور صوبہ کے لوگوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین قومی اسمبلی نے معاشی استحکام، بجٹ 2019-20ءاور وزیراعظم کے گذشتہ رات کے قوم سے خطاب کو سراہا جس میں قومی اہمیت اور اہم مسائل پر قوم کو اعتماد میں لیا گیا۔ اراکین نے وزیراعظم کو ان کے انتخابی حلقوں میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔