واشنگٹن ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سے خوراک اورصحت کے شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کے گروپ نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں اسلم خان، ٹیکساس سے مبشرچوہدری، ڈاکٹر باسط جاوید، ڈاکٹر عابد شیخ اور ڈاکٹر مبشر چوہدری شامل تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بحری امور کے وزیر سید علی حیدر زیدی، تجارت کے لئے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدلحفیظ شیخ ، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان میں خوراک اور صحت کے شعبوں میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے بالخصوص دیہی علاقوں اور مخصوص شعبوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ ملاقات میں اس بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ امریکا میں مقیم پاکستان نژاد فزیشنز پاکستان میں بسنے والی کمیونٹیز کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں ۔