وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات

103
APP69-12 ISLAMABAD: February 12 - Prime Minister Imran Khan in a meeting with MNAs from Rawalpindi Division at PM's Office. APP

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراءاور ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ صحت، تعلیم سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر صحت عامر محمود کیانی، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان، معاون خصوصی نعیم الحق اور ارشد داد اور ارکان قومی اسمبلی میں میجر (ر) طاہر صادق، صداقت علی عباسی، شیخ راشد شفیق، منصور حیات خان، عاصمہ قدیر، فوزیہ بہرام، چوہدری سالک حسین اور چوہدری فرخ الطاف شامل تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل سے آگاہ کیا اور اپنے اپنے حلقوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ عوام کی فلاح وبہبود سے متعلقہ اہم کمیٹیوں جن میں زکوة و عشر، مارکیٹ کمیٹیوں، بیت المال، ویسٹ منیجمنٹ کمیٹیوں کا اعلان بہت جلد کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ ویسٹ منیجمنٹ کے شعبے اور خصوصا ویسٹ ٹو انرجی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے مری کہوٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی کی بھی درخواست کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مری اور مری سے منسلک علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیرِ ریلوے نے وزیرِ اعظم کو راولپنڈی کے عوام کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دو نئے ہسپتال بنانے میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ وزیر پٹرولیم نے درخواست کی کہ پوٹھوہار یونیورسٹی اور گندھارا یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ اسے جلد مکمل کیا جا سکے۔ وزیراعظم سے راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس میں دیگر ارکان نے اپنے اپنے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کا حل خصوصی طور پر صحت، تعلیم اور روزگار کے حوالے سے درپیش مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائیں۔