
اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانے کیلئے اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطہ میں رہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو لاہور اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وزیراعظم کے معاون خصو صی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد بھی موجود تھے۔ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو خارجہ پالیسی کے افق پر مختصر عرصہ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور ملک کے معاشی استحکام و اقتصادی ترقی کےلئے مخلصانہ کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے اقلیتی برادری اور نادار طبقہ کے حوالہ سے وزیراعظم کے اقدامات بالخصوص کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد، بے گھر افراد کےلئے پناہ گاہوں کے قیام پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے وزیراعظم نے اقلیتی برادری اور محروم طبقہ کے دل جیت لئے ہیں۔ ملاقات میں پارٹی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان نے وزیراعظم کو اپنے حلقہ میں عوام کو درپیش بجلی، گیس، صحت عامہ اور تعلیم کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ارکان کے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کےلئے اراکین قومی اسمبلی کی مشاورت سے مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی جا سکے اور ان کو فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ارکان قومی اسمبلی میں اعجاز احمد شاہ، راحت امان اللہ بھٹی، ملک کرامت علی کھوکھر، سردارطالب حسن نکئی، عالیہ حمزہ ملک، صوبیہ کمال خان، ڈاکٹر نوشین حامد، روبینہ جمیل، رخسانہ نوید، شونیلہ ر تھ اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال شامل تھے۔