وزیراعظم عمران خان سے سرکردہ ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کی ملاقات

105

واشنگٹن ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے سرکردہ ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے پیر کو یہاں پاکستان ہاﺅس میں ملاقات کی۔ سینیٹر لنڈسے گراہم سینٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے سربراہ اور سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور سینیٹر لنڈسے گراہم نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سینیٹر گراہم کی کوششوں اور حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر لنڈسے گراہم کو پاکستان کی حکومت کی ترقیاتی اور اقتصادی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے، جن سے دونوں ممالک کے مفادات کا تحفظ ہو اور معیشت سے تجارت اور سرمایہ کاری سے توانائی اور تعلیم تک کے شعبوں میں مساوی تعاون کو فروغ حاصل ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں عدم استحکام کی وجہ سے بھاری قیمت چکائی ہے، پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور وہ افغانستان میں سیاسی حل کے حصول کے لئے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ سینیٹر گراہم نے وزیراعظم کے ساتھ اتفاق کیا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور اعلی سطح پر رابطہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے میں ہے۔۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد ایم خان بھی موجود تھے۔