وزیراعظم عمران خان سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے وفد کی ملاقات

151
APP118-27 ISLAMABAD: November 27 - A delegation of Suzuki Motors Corp called on Prime Minister Imran Khan at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے ایک وفد نے منگل کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں سوزوکی کے گلوبل چیئرمین اوسیمو سوزوکی، کن جی ساتو، ماسافومی ہرانوں، شی جیوتاکیزاوا، یوسوکی کاٹو اور شفیق اے شیخ شامل تھے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے وفد نے وزیراعظم کو سوزوکی موٹرز کی ملک میں موجودہ سرمایہ کاری اور مستقبل میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو کمپنی کی طرف سے سوزوکی کے دوسرے پلانٹ کی تعمیر کے منصوبہ سے بھی آگاہ کیا تاکہ سالانہ ایک لاکھ اضافی گاڑیاں تیار کی جا سکیں۔ وزیراعظم نے آٹو موبائل کے شعبہ میں سوزوکی موٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نجی شعبہ کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کیلئے آسانی میں بہتری اور مینوفیکچرنگ کی گروتھ کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو ملک میں موجودہ کاروباری مواقع سے استفادہ کیلئے حکومت کے تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔