اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے پیر کو مصر کے وزیر خارجہ سامح حسن شکری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مصری وزیر خارجہ سے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات سے آگاہ کیا۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ سیاسی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تعلقات کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور بات چیت کا بھی ذکر کیا جس میں وسیع تر علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان اور مصر کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید روابط بڑھانے کی بڑی گنجائش اور امکانات موجود ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے مصری وزیر خارجہ سے مختلف علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ امت اسلامیہ کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے خطے کی سلامتی کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 15 مارچ کو ‘اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی دن’ کے طور پر قرار دینے پر متفقہ طور پر تاریخی قرارداد کی منظوری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے خلاف امتیازی ، نسلی سلوک و تشدد کے خاتمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم نے او آئی سی کے پلیٹ فارم سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے انصاف کے مقصد کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعاون میں اضافہ کے ذریعے خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول پر توجہ مرکوز کر کے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
مصر کے وزیر خارجہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔