وزیراعظم عمران خان سے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد عارف بن محمد یوسف کی ملاقات

150

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد عارف بن محمد یوسف نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور یو این سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ملائیشیاءکے وزیراعظم مہاتیر محمد کے بیان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مہاتیر محمد مسلم دنیا اور ترقی پذیر ممالک کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی سمیت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ وزیراعظم نے ملائیشیاءکی پارلیمنٹ کے سپکر محمد عارف بن محمد یوسف کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی اقدام کی وجہ سے خطے کی سیکورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور یو این سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔