اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ بینک (پاکستان) کے کنٹری ڈائریکٹر پیچا موتھوالانگوان نے بدھ کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و ترقی مخدوم خسرو بختیار اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں قیام کے دوران تعاون پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے معیشت کے استحکام اور کووڈ۔19 کے حوالہ سے پاکستان کی کوششوں اور اصلاحات کے مجموعی عمل کو سراہا۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے ساتھ اشتراک کار کا خیرمقدم کیا اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کیلئے ان کی نئی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔