وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین اور وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدو خسرو بختیار کی ملاقات

71
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین اور وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدو خسرو بختیار کی ملاقات

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی انڈسٹریل بیس بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صنعتی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین اور وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدو خسرو بختیار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیرِاعظم کو ملکی صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی استعداد بڑھانے اور سِک یونٹس کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ہماری حکومت نے ملک میں پہلی مرتبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کیلئے جامع پالیسی دی، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتی شعبہ ترقی کر رہا ہے، صنعتوں کے مکمل استعداد پر چلنے کی بدولت روزگار میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی کورونا وباء کے دوران کامیاب معاشی و کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا جس کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے،

حکومت صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے اور بیمار یونٹس کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور صنعتوں میں روایتی شعبوں کے علاوہ نئے شعبوں کی شمولیت یقینی بنا رہی ہے جس کا مقصد درآمدی متبادل اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے پاکستان میں صنعتوں کے فروغ کے وژن کے عین مطابق وزراتِ صنعت و پیداوار ملکی صنعتی پیداوار میں اضافہ کیلئے صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی اور حائل رکاوٹوں کا سدِ باب یقینی بنا رہی ہے۔

وزیرِاعظم نے ملکی انڈسٹریل بیس بڑھانے کیلئے اقدامات کو تیز کرنے، متعلقہ حکومتی اداروں کو باہمی تعاون بڑھانے اور اس حوالے سے ایک جامع پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی۔