وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی اور امریکن بزنس کونسل پاکستان کے ایگزیکٹو ممبر عدنان اسد کی ملاقات

72
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی اور امریکن بزنس کونسل پاکستان کے ایگزیکٹو ممبر عدنان اسد کی ملاقات

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے ساحلی سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کو تیز کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی اور امریکن بزنس کونسل پاکستان کے ایگزیکٹو ممبر عدنان اسد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عدنان اسد نے وزیرِ اعظم کو بزنس کونسل کے ممبران و سرمایہ کاروں کی موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں بڑھتے ہوئے اعتماد کے بارے آگاہ کیا۔

پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر بحری امور نے وزیرِ اعظم کو ساحلی سیاحت کی موجودہ استعداد اور وزارت کے اس کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے ساحلی سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کو تیز کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔