اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر عطاءالرحمن نے وزیراعظم ہاﺅس میں قائم کی جانے والی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے مجوزہ منصوبہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں 6 مراکز فضیلت قائم کئے جائیں گے جن میں مصنوعی ذہانت، توانائی، بائیو ٹیکنالوجی اور میٹریل سائنسز کے مراکز فضیلت شامل ہوں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن نے وزیراعظم کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پانچ مزید مراکز فضیلت کے قیام کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ملک میں تحقیقی کام کے فروغ کیلئے ریسرچ فنڈنگ کی تجویز بھی زیر غور آئی۔