بیجنگ ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے چین کے بڑے تجارتی و صنعتی اداروں کے سربراہان نے منگل کو یہاں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم سے ملاقاتیں کرنے والوں میں گژوبا گروپ کے چیئرمین لیوزی ژیانگ، لانگ مارچ ٹائر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لی کنگ وین، اورینٹ ہولڈنگز گروپ لمیٹڈ کے بورڈ کے چیئرمین جیانگ ژومنگ اورمیٹلرجیکل گروپ کارپوریشن کے چیئرمین گاﺅ وین کنگ شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار‘ وفاقی وزیر ریلویزشیخ رشید احمد‘ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین زبیر حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سی جی جی سی کے چیئرمین نے پاکستان میں مختلف شعبوںبالخصوص توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چائنا گژوبا گروپ کارپوریشن (سی جی جی سی) کا قیام 1970ءمیں عمل میں آیا تھا جو چینی حکومت کی ملکیت چائنا انرجی انجینئرنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ کا ایک اہم ادارہ ہے۔چین میں سی جی جی سی کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والی معروف لسٹڈ کمپنیوں میں ہوتا ہے جس کی مالی حیثیت انتہائی مستحکم ہے۔سی جی جی سی نے اپنے کاروبارکو100 سے زیادہ ممالک اور ریجنزتک وسعت دی ہے۔چین کی چاﺅ یانگ نیو لانگ مارچ ٹائر کمپنی لمیٹڈ لیانوننگ ٹائر گروپ کی ممبر کمپنی ہے جو بین الاقوامی سطح پر بہترین ٹائر تیار کرتی ہے۔چین کے اورینٹ ایور ٹرسٹ کیپیٹل گروپ لمیٹڈ ”اورینٹ“ کا شمار اورینٹ ہولڈنگز گروپ بڑے اداروں میں ہوتا ہے۔ 1990ءمیں اپنے قیام کے20 سال کے دوران اورینٹ ہولڈنگز گروپ نے دنیا کے مختلف خطوں اور مختلف صنعتوں میں بطور سٹاک ہولڈنگز سرمایہ کار گروپ نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔اورینٹ انفراسٹرکچر کنسٹریکشن‘ ریئل سٹیٹ ڈویلپمنٹ‘ کنسٹریکشن میٹریلز‘ کیمیکلز فائبر‘ مائننگ‘ ای کامرس سمیت تعمیرات کی صنعت کے لئے مختلف مصنوعات تیار کرنے کے علاوہ انٹیلی جنٹ مینوفیکچرنگ وغیرہ کے شعبہ میں بھی نمایاں مقام کا حامل ادارہ ہے۔چائنہ میٹلرجیکل گروپ چین میں لوہے اور سٹیل انڈسٹری کا پرانا اور اس شعبے میں نمایاں گروپ کے طور پر کام کررہا ہے۔