وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کی ملاقات

133

نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے پیر کو ملاقات کی ہے اور تنازعہ کشمیر سمیت پاکستان کے اہم مفادات کے تحفظ و فروغ کے لئے چین کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ، سدا بہار اور سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لئے اہم عنصر ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات روز بروز مستحکم سے مستحکم تر ہو رہے ہیں کیونکہ یہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر باہمی احترام، مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جس نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں کشمیری محاصرے میں ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور مقبوضہ وادی میں بدترین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پانچ اگست کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کا مقصد عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنا تھا جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی مشکلات کے خاتمے کے لئے فوری طور پر کرفیو اٹھایا جائے۔ چین کے وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین کی قیادت قومی مفادات کے تمام امور پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے پر امن خطے کے لئے چین پاکستان سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وانگ ژی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین کی قیادت کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر اور تمام شعبوں میں تعاون کے لئے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پر کامیاب عملدرآمد پر زور دیا اور کہا کہ سی پیک پاکستان اور خطے کی ترقی اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔