وزیراعظم عمران خان سے یونان کے وزیر برائے مائیگریشن و سیاسی پناہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات

189
وزیراعظم عمران خان سے یونان کے وزیر برائے مائیگریشن و سیاسی پناہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان یونان کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے،دونوں ملکوں کے مابین مائیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے یونان کے وزیر برائے مائیگریشن و سیاسی پناہ پناگوئٹس میتاراچی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے ترقی یافتہ ممالک کو غیر قانونی مالیاتی بہاؤ نے ترقی پذیر ممالک کے وسائل کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور یہ عمل غیر قانونی مائیگریشن جیسے مسائل کا بھی باعث بن رہا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی مالیاتی بہاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ قانونی مائیگریشن کے لئے راستے بھی تلاش کئے جائیں۔ اس تناظر میں وزیر اعظم نے یونان کی جانب سے قانونی مائیگریشن چینلز کے لئے اقدامات کو سراہا جس سے پاکستانی ہنر مند لیبر کے لئے بھی راہیں کھلیں گی۔

وزیر اعظم نے افغانستان میں سنگین انسانی بحران سے نمٹنے اور معاشی بدحالی کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کہ 40 ملین افغان عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے افغانستان کے منجمد اثاثوں کو بحال کرنا بھی ناگزیر ہے کیونکہ اس سے ایک پائیدار افغان معیشت کی تعمیر اور افغانوں کے بڑے پیمانے پر دوسرے ممالک میں نقل مکانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔

یونان کے وزیر میتاراچی نے پاکستان یونان تعلقات اور دوطرفہ باہمی تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا میتاراچی نے وزیر اعظم عمران خان کو یونان کے وزیر اعظم کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچاتے ہوئے وزیر اعظم کو یونان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیر میتاراچی نے یونان کی معیشت میں پاکستانی کمیونٹی کے نتیجہ خیز کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان قانونی مائیگریشن کے لئے مجوزہ منصوبے کا خاکہ بھی پیش کیا۔