وزیراعظم عمران خان عملی طور پر ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہیں،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

47
مریم صفدر کا اخلاقی اقدار کا درس دینا بھونڈا مذاق ہے، ڈاکٹر شہباز گِل کا مریم صفدر کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے ڈھائی سالہ دور میں جتنے کام ہوئے ہیں گزشتہ 20 سالوں کے دوران اتنے کام نہیں ہوئے، سابقہ حکومتوں نے صرف ہوائی اعلانات کئے جبکہ وزیراعظم عمران خان عملی طور پر ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہیں، چینی کا مسئلہ 60 کی دہائی سے چل رہا ہے کبھی کسی حکومت نے ایکشن نہیں لیا، تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جس نے اپنا دیکھا نہ پرایا، بحران میں ملوث عناصر اور سٹے مافیا کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہی ہے اور ہم چینی اور سٹے مافیا پر نکیل ڈال کر دکھائیں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، تحریک انصاف حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا اسلئے ہمیں سخت معاشی پالیسی کی ضرورت تھی، حکومت کی جامع پالیسی اور ٹھوس فیصلوں کی بدولت اب معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیںِ۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستانی روپیہ رواں سال دنیا کی سب سے بہترین کرنسی قرار پایا ہے، اس کے علاوہ ترسیلات زر اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ سیمنٹ، کاروں اور موٹرسائیکلز کی فروخت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، کورونا کے باوجود ایف بی آر نے گزشتہ ادوار کی نسبت زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے صرف زبانی نعرے اور اعلانات کئے تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں موجودہ حکومت عملی طور پر ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے، اس وقت ملک میں دو بڑے ڈیموں کی تعمیر سمیت دو نہروں، 10 بلین ٹری سونامی منصوبے، زیتون کے درخت لگانے کے پروگرام، بارہ یونیورسٹیوں اور بارہ ہسپتالوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو غریب عوام کی مشکلات کا احساس ہے اسی لئے حکومت نے کورونا بحران کے دوران احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 70 لاکھ لوگوں تک امداد پہنچائی جبکہ اب پورے ملک میں لوگوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈز فراہم کئے جا رہے ہیں جس سے وہ دس لاکھ روپے تک اپنا علاج کرا سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسری کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے۔

چینی بحران سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی کا مسئلہ 60 کی دہائی سے چل رہا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے دور حکومتوں کے دوران بھی چینی کی قیمتیں 140 روپے تک گئی تھیں لیکن بدقسمتی سے کبھی کسی حکومت نے مافیا کے خلاف کارروائی نہیں کی، تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جس نے مافیا پر ہاتھ ڈالا ہے اور چینی بحران میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے، کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا، حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، ہم چینی اور سٹے مافیا پر نکیل ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گنے کی پیدوار کم ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود سو فیصد ٹیکس جمع ہوا ہے، شوگر ملوں سے 400 ارب روپے کی وصولیاں کر کے انہیں عوام کے مفادات کے منصوبوں پر خرچ کریں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ شوگر ملیں کاٹن والی جگہ پر نہ لیکر جائیں لیکن ن لیگ کے قائدین نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے اور کاٹن کی تباہی کی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں کسان مر رہے تھے تاہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں کسان خوشحال ہیں۔