
بیجنگ ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب یہاں پہنچ گئے۔ عوامی جمہوریہ چین کی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018ءمیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جو دونوں ممالک کی باہمی قربت اور روایتی گرمجوشی کی عکاسی کے ساتھ ساتھ پاک چین سدا بہار تزویراتی معاون شراکت داری کا مظہر ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی دورے میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور اہم باہمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ وزیراعظم شنگھائی میں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران کلیدی خطاب کریں گے۔ مختلف پاکستانی مصنوعات بھی پہلے چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کا حصہ ہوں گی۔ ایکسپو میں وزیراعظم مختلف عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔