وزیراعظم عمران خان فائٹر ہیں،ان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا،سابق کرکٹرز

46

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان موجودہ اور سابق کرکٹرز کے فیورٹ ہیں، سابق کرکٹرز نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کے پل باندھ دیئے، لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کو فائٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا، وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ کے بعد پورے ملک کو سنبھال لیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے، سابق کرکٹر یاسر حمید نے انہیں گوہر نایاب قرار دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کپتان پول میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ دنیا کے بہترین کپتان قرار پائے۔ سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ 1992ءمیں ورلڈ کپ جیتنا کسی معجزے سے کم نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان ہی اس اعزاز کے اہل ہیں، وہ ایک فائٹر ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی کرکٹ کی بڑی خدمت کی، کرکٹ کے بعد پورے ملک کو سنبھالا، یہ پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، کھلاڑیوں کو وزیراعظم عمران خان سے سیکھنا چاہیے، صرف کھیلنا ہی مقصد نہیں ہونا چاہیے بلکہ بڑے مقاصد ذہن میں ہونے چاہییں۔ سابق بلے باز یاسر حمید نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کو دیکھ کر ہی کھلاڑی بنے، وہ کرزمیٹک کرکٹر رہے ہیں، ان کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کا نام روشن ہوا، وزیراعظم عمران خان گوہر نایاب ہیں اور ایسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں اور اب ان کی نظر پاکستان کو ایک قوم بنانے پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ رہے اور پرستاروں نے دل کھول کر ان کی تعریف کی۔