وزیراعظم عمران خان قوم کی ا میدوں کا واحد مرکز ہیں،عثمان ڈار

162

سیالکوٹ۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پا کستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی آواز بن چکی ہے، وزیراعظم عمران خان قوم کی ا میدوں کا واحد مرکز ہیں،وزیراعظم عمران خان تاریخی اقدامات کررہے ہیں

، آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے، حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، حکومت عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات ا ٹھارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہاؤس میں 12 مارچ کو ہونے والے ورکرز کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے میٹروپولیٹن کے عہدیدارن اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق، چیئرمین زکوۃٰو عشر کمیٹی عارف احمد خواجہ، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ڈار، چیئر مین ائیر سیال فضل جیلانی، عمر داؤد، پاکستان تحریک انصاف میٹرو پولیٹن کے صدر بیرسٹر جمشیدغیاث، سیکرٹری جنرل میاں اعجاز جاوید، سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر کے علاوہ دیگر عہدیداران اور ورکرز بھی موجود تھے۔

محمد عثمان ڈار نے کہا کہ ان شاء اللہ 12 مارچ کوشفقت محمود،اسد عمر سیالکوٹ ورکرز کنونشن میں خطاب کریں گے ، آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے کارکنان بھرپور تیاری کریں ، ان شاء اللہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات سمیت آئندہ عام انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔