
ابوظہبی ۔18 نومبر(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے صدارتی محل پہنچ گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان نے صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا جس کے بعد دونوں رہنما دوطرفہ، علاقائی، بین الاقوامی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے لئے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور، وزیر توانائی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور تجارت کے لئے وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔