وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وزیر اعظم نے اپنے وژن سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے،سینیٹر فیصل جاوید کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

116

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، انہوںنے اپنے وژن سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کی بہتر ی کی گواہی دے رہے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے باعث غیر ملکی سربراہان پاکستان کے دورے کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت یہ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بے شک اس وقت معاشی صورتحال بہتری کی طرف جا رہی ہے تاہم بہت زیادہ دبائو کے باوجود بجلی اور تیل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کرکے عوام کو سہولت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کوششوں سے پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، قوم جانتی ہے کہ عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن حالات کا آج سامنا ہے معاشی بدحالی کا رونا رونے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ یہ حالات ملک میں کرپشن کے باعث پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان نے ملک کو لوٹا اور اس کے وسائل کو نقصان پہنچایا۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کسی عدالت میں اپنے اثاثوں کا ثبوت پیش نہیں کر سکے ۔