اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں، وہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ٹاسک کے حصول کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، عوام اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کر چکے ہیں اسی لئے ان کی حکومت مخالف تحریک بھی بری طرح ناکام ہوئی، اپوزیشن جو مرضی حربے استعمال کر لے تحریک انصاف حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ کارگردگی کی بنا پر اگلے انتخابات جیت کر دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انتخابی نظام میں شفافیت اور ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم انتخابی اصلاحات کیلئے کوشاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ کوئی بھی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے، اپوزیشن کو دھاندلی سوٹ کرتی ہے اسلئے وہ ای وی ایم مشین کی مخالفت کر رہی ہیں، اگر اپوزیشن شفاف انتخابات چاہتی ہے تو اسے چاہیے کہ اس معاملے پر سیاست کرنے کی بجائے انتخابی اصلاحات اور ای وی ایم مشین کے استعمال کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔
علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ قومی مفادات کی بات کرتے ہیں، ادھر ادھر کی باتوں پر دھیان نہیں دیتے، ان کی تمام تر توجہ ملک کے نظام میں مثبت تبدیلی لانے، ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں تھا، یہ لوگ صرف لوٹ مار کر کے بیرون ملک فرار ہونے کا روڈ میپ رکھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملک کے ہر شعبے میں مثبت اشاریے نظر آ رہے ہیں اور جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پر انگلی اٹھانے والے پہلے اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کا حساب دیں، سپریم کورٹ نے جائیدادوں کی رسیدیں نہ جمع کرانے پر نواز شریف اور مریم نواز کو نااہل قرار دیا ہے،
نواز شریف نے جو لوٹ مار کی انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر قوم سے معافی مانگیں۔ شہباز شریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ ایسی کون سی بیماری ہے جس کا علاج پاکستان میں نہیں ہوتا، حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہباز شریف کو چاہیے کہ پاکستان میں رہ کر عدالتوں میں اپنے خلاف بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں اور کی گئی لوٹ مار کا حساب دیں۔
علی زیدی نے کہا کہ ملک میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کو کئی بلیک میل نہیں کر سکتا ،وہ احتساب کے معاملے پر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، اپوزیشن کچھ بھی کر لے وہ بدعنوان عناصر کو کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے۔ بجٹ سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ بغیر کسی رکاوٹ کے پاس ہو جائے گا۔