وزیراعظم عمران خان ناموس رسالت کے اولین علمبردار بن کر ابھرے ہیں، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

91

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نےعوام کی امنگوں کی ترجمانی کی، پیر کو سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر وزیراعظم عمران خان ناموس رسالت کے اولین علمبردار بن کر ابھرے ہیں۔

ہر عالمی فورمز پر وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالت اور اسلام فوبیا کا معاملہ اٹھا یا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو باور کرایا کہ مسلمان کے لیے ناموس رسالت کس قدر اہم ہے۔ ناموس رسالت کی آڑ میں چند شر پسند عناصر اپنے مفادات کے لیے اسلام اور پاکستان کا نقصان کر رہے ہیں۔

پاکستانی عوام کو اعتماد ہے کہ وزیراعظم عمران خان عالمی سطح پر عوام کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھی مذہبی جذبات کی آڑ میں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ سوشل میڈیا پر سرحد پار سے ٹویٹر ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں اور بھارت پاکستان کے خلاف ففتھ جنریشن وار میں ملوث ہے، انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر پوری قوم کے جذبات یکساں ہیں۔