گلگت ۔4دسمبر (اے پی پی):سپیکر قانون ساز اسمبلی سید امجد زیدی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی آئینی صوبے کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا اورصوبے کے باقاعدہ قیام کیلئے کمیٹی جلد بنے گی اس سے پہلے جتنی جماعتیں اقتدار میں آئیں انہیں ہمارا آئینی مسئلہ حل کرنے کی توفیق نہیں ہوئی اب جب وزیر اعظم عمران خان نے مسئلے کے حل کی ٹھان لی ہے تو بعض لوگوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے ہیں جو تعجب کی بات ہے گلگت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان آئینی صوبے کا اعلان کرچکے ہیں تو اس اعلان پر عمل درآمد بھی ہوگا ۔مخالفین نے آج تک عمران خان کے کس مثبت کام کی تعریف نہیں کی ۔ مخالفین کاکام صرف تنقید کرنا رہ گیا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ مخالفین کو عوام کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئینی کمیٹی اپنی سفارشات قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ آئینی کمیٹی کی سفارشات کی توثیق صوبائی اسمبلی کرے گی، وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ سب سے پہلے گلگت بلتستان کی آئینی حثییت کے تعین کیلئے کام کیا جائے گا،ان کے اس اعلان کے بعد تو کسی کو شک نہیں رہنا چاہیئے، باقی پارٹیاں قیام پاکستان سے اب تک آئینی معاملے پر ہمیں بیوقوف بناتی رہیں اور باریاں لیتی رہیں مگر یہ پی ٹی آئی کی حکومت ہی ہے جس نے اقتدار سنھبالتے ہی گلگت بلتستان کے آئینی معاملے کو نمٹانے کی جدوجہد شروع کی، انشا اللہ ہماری حکومت کی جدوجہد کے ثمرات جلد یہاں کے عوام کو ملیں گے، اس سے پہلے کسی نے کچھ نہیں دیا، عمران خان نے ہمارے مسائل کے حل کیلئے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور یہاں میرٹ کی بالادستی ہوگی۔