وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو انتہائی مصروف دن گزارا، امریکی سینیٹر اور خصوصی نمائندہ سمیت مختلف وفود کی ملاقاتیں ہوئیں

74

نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو انتہائی مصروف دن گزارا۔ امریکی سینیٹر اور خصوصی نمائندہ سمیت مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمر ان خان ”مشن کشمیر“ کے سلسلہ میں امریکہ کے شہر نیویارک میں موجود ہیں۔ اتوار کو اہم شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں جن میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاک امریکہ مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینٹ جوڈیشری کمیٹی کے چیئر مین اور خارجہ امور کمیٹی کے رکن سینیٹر لنزے گراہم نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پیدا شدہ انسانی بحران کے حوالے سے وزیراعظم نے تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں سینیٹر لنزے گراہم کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکہ میں مقیم کشمیری نمائندوں کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے مقبوضہ کشمیر کی تباہ کن صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔