وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چاربڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

228

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں چاربڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی۔ وزیراعظم نے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں راول ڈیم چوک انٹرچینج، کورنگ پْل، پی ڈبلیو ڈی انٹرچینج اور آئی 15 کے ترقیاتی منصوبے کا پہلا مرحلہ شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کو اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ یہ منصوبے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی مکمل کرے گی۔ راول ڈیم چوک انٹرچینج ٹریفک کی روانی کا منصوبہ ہے جو سی ڈی اے 24 ماہ میں اپنے مالی وسائل سے مکمل کرے گا۔ کورنگ پل اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کے منصوبے بالترتیب 15 اور 7 ماہ کی مدت میں مکمل ہوں گے۔ ان کے لیے فنڈز سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام سے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ منصوبے اسلام آباد ایکسپریس وے اور ملحقہ علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سی ڈی اے کے ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی اور اسلام آباد میں ٹریفک کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں وفاقی دارالحکومت کے سرسبز ایریاز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔