نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، افغانستان کے عوام کے سکون اور امن کیلئے اقدامات کرنا ہونگے، پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلاءمیں پاکستان کے کردار کو سراہا‘سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے افغانستان اور کشمیر سمیت دیگر امور پر بات چت ہوئی‘ امریکی وزیر خارجہ سے باہمی امور اور افغان معاملات پر بھی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور ہندوستان کے عزائم کو بے نقاب کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کو آگاہ کیا کہ افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے‘ افغانستان کے عوام کے سکون اور امن کیلئے اقدامات کرنا ہونگے‘طویل عرصے کے بعد افغانستان میں امن کی امید پیدا ہوئی ہے‘
افغانستان میں خوراک کی کمی ہے، اساتذہ اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رقم نہیں‘عالمی برادری نے توجہ نہ دی تو افغانستان کے حالات خراب بھی ہو سکتے ہیں‘ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے‘طالبان کو افغانستان میں کامیابی اشرف غنی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملی‘افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت عوامی اعتماد کھو چکی تھی۔