اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف 40 سال تک اسی نظام سے فائدے اٹھاتے رہے اور اقتدار سے باہر ہونے کے بعد اب وہ جمہوریت کی بات کر رہے ہیں، انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران صرف کرپشن کی، صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک اپنے بدعنوان قائدین کو احتساب سے بچانے کیلئے ہے، وزیراعظم عمران خان نے بدعنوان عناصر کی دم پر پائوں رکھا ہے اسلئے انہیں تکلیف ہو رہی ہے، اپوزیشن جانتی ہے کہ اگر موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کر گئی تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن کی گئی، سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے وزراءکے خلاف بدعنوانی کے ٹھوس شواہد ہیں، ماضی میں کرپشن پر بات ہوتی تھی اور نہ ہی اس کو برا سمجھا جاتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے پہلی مرتبہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی اور موجودہ حکومت ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے میں دیمک کی طرح پھیلی ہوئی ہے، ہر شعبے میں کرپشن ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں کرپشن کا کلچر پیدا کیا، خوب لوٹ مار کی اور باقی بینی فشری بنے تاہم موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ کرپشن نہ ہو اور نہیں ہو رہی، دو سال کے دوران کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا کیونکہ وزیراعظم عمران خان کرپشن ہرگز برداشت نہیں کرتے اور وہ اس حوالے سے گہری نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جلسوں اور ریلیوں سے گزر چکی ہے، یہ ایک مشکل راستہ ہے، اپوزیشن مشورہ مانگتی تو اسطرح کی حکمت عملی نہ بناتی، اپوزیشن بند گلی میں گھس چکی ہے اور اسے کہیں سے بھی کوئی سپورٹ نہیں مل رہی۔ شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جنگ ذاتی ہے اور عوام ذاتی مفاد کی جنگ میں ان کا ساتھ نہیں دے رہے، لاہور میں آخری جلسہ اس کی مثال ہے جس میں عوام نے انہیں بری طرح مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دو سال تک پروڈکشن آرڈر پر سیاست کی اور پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ملکی مفاد کی کوئی فکر نہیں ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا لیکن اپوزیشن نے اس کا بائیکاٹ کر دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور حکومت کے دوران لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کر کے بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں لیکن وہ لندن میں فلیٹس کی آنرشپ ابھی تک ثابت نہیں کر سکے، اب وہ معصوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ واپس آ کر اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت بھرپور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے، خیبرپختواہ میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام نے دوبارہ بھاری اکثریت سے مینڈیٹ دلوایا تھا، اسی طرح 2023ءانتخابات میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائیں گے اور وہی ہماری قسمت کا فیصلہ کریں گے۔