اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول ارجنٹائن پارک، ٹریل فائیو، مرغزار اور مارگلہ روڈ کا دورہ کر کے مثال قائم کی ہے، لوگ وزیراعظم کو اپنے درمیان میں دیکھ کر بڑے خوش ہوئے اور وہ اب اسطرح کے سرپرائز وزٹ کیا کریں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا جی الیون مرکز سمیت مختلف جگہوں کا دورہ طے شدہ نہیں تھا، انہوں نے اچانک دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اسلام آباد میں جاری مختلف کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوام کا حال احوال جان سکیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں وفاقی دارالحکومت کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے یہاں پر صفائی، پارکوں میں سہولیات کو بڑھانے کے علاوہ شجرکاری، ٹریل اور سیوریج پلانٹس کے اوپر کام ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے آئی نائن میں سیوریج پلانٹس کا بھی دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد کی مختلف جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ن لیگ رہنمائوں کی طرف سے وزیراعظم کے اچانک دورے پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں۔ انہوں نے کہا کہ لیگی رہنمائوں کی تنقید بلاجواز ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے احساس آمدن پروگرام کے تحت لوگوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے ریڑھیاں مہیا کی گئی ہیں، ان ریڑھیوں پر احساس کا لوگو اور ریڑھی بانوں کے نام لکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جی الیون مرکز میں ان ریڑھی بانوں سے ان کے کاروبار سے متعلق پوچھا۔