وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی نظام کو مضبوط اور بااختیار بنانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے،وزیر مملکت زرتاج گل

61

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف حکومت عوام میں مقبول ترین جمہوری جماعت برقرار ہے، تحریک انصاف حکومت اپوزیشن کے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف دھاندلی کے کوئی الزامات نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد تحریک انصاف اپنی حکمت عملی تبدیل کرے گی اور اپنی خامیوں کو دور کرے گی، وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی نظام کو مضبوط اور بااختیار بنانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں ایک عوامی اور سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا تاہم دوسری جانب اپوزیشن نے ہمیشہ عوام کو دھوکہ دینے اور کرپشن کیسز کو چھپانے کیلئے جمہوریت کو استعمال کیا۔