وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، علی امین گنڈا پور

93

اسلام آباد ۔ 16 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور امید ہے کہ یہ مسئلہ انہی کی ولولہ انگیز قیادت میں حل ہو گا، پاکستان تنازع کشمیر کے حل کیلئے بین الاقوامی قوانین اور اقدار کو فالو کرتے ہوئے موثر سفارتکاری اور اقدار کے ذریعے بھارت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے، کشمیری آزادی کی تحریک میں تنہا نہیں ہے پاکستان ان کو بنیادی حق حق خودارادیت ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیا سیاسی نقشہ جاری کر کے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ یوم آزادی کا جشن منایا جبکہ بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر بنایا، دنیا بھی اس حقیقت کو تسلیم کرے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کا سفیر ہونے کا حق ادا کر رہے ہیں، ان کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر انٹرنیشنلائز ہوا ہے، اس وقت پوری دنیا میں انسانی حقوق کی تنظیمیں اور کئی ممالک کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور بین الاقوامی اداریے بھی بھارت کے خلاف لکھ رہے ہیں کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت طاقت اور ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکے گا اسلئے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازع کو حل کرنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے حق خودارادیت کیلئے بھارتی ظلم و بربریت کے سامنے ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ہر صورت میں ان کا حق ملے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں دنیا کو باورکرایا تھا کہ ہم کشمیر کیلئے ہر حد تک جائیں گے، دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ ہوئی تو پوری دنیا پر اس کے اثرات پڑیں گے اسلئے ابھی وقت ہے کہ عالمی برادری پوری دنیا کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ان کا حق دلائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کو نظرانداز کیا، وہاں پر لوگ محرومیوں کا شکار ہیں، موجودہ حکومت گلگت بلتستان کو ان کے حقوق دلانے کیلئے مختلف منصوبے شروع کر رہی ہے، اسی حوالے سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں گلگست بلتستان کو اقتصادی زون میں شامل کیا گیا ہے، زمین حاصل کر لی گئی ہے، انڈسٹریل زون بنائیں گے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، ان کی جنگ کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ہے، سابقہ حکومتوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا، پی آئی اے سمیت تمام منافع بخش ادارے اس وقت خسارے میں ہیں، موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔