وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے معاملے میں ’’احتساب سب کے لئے‘‘کی ایک مثال قائم کر دی ہے، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی

90

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے معاملے میں ’’احتساب سب کے لئے‘‘ کی ایک مثال قائم کر دی ہے، پاکستانی ایک مضبوط قوم ہیں، ہمیں اپنے مسائل کو حل اور اپنے وسائل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان مزید بہتر سمت میں آگے بڑھے گا، روسی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے حوالے سے پاکستان کا کردار دنیا کا کوئی ملک بھی فراموش نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف یا وزیراعظم عمران خان کے جتنا بھی قریب تھے لیکن جب ان پر ایک الزام لگا تو وزیراعظم عمران خان نے ان سے اس الزام کے حوالے سے جواب اور اپنی صفائی پیش کرنے کا کہا، اس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ جہانگیر ترین کی پاکستان تحریک انصاف کے لئے بہت سی خدمات ہیں، سیاسی جماعتوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں اصلاح کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان واضح پیغام دے چکے ہیں وہ اپنے ہدف تک پہنچ کر رہیں گے چاہے ان کو جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے، وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ احتساب کے معاملے پر کسی قسم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر جہانگیر ترین اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے بری ہوتے ہیں تو اس کی سب سے زیادہ خوشی وزیراعظم عمران خان کو ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ہمیں اپنے مفادات کے مطابق آگے بڑھنا ہے، کویت کے وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے اور کویت کے ویزے گزشتہ دس سال سے بند تھے جو کہ اب کھل رہے ہیں اور یہ ایک بڑی کامیابی ہے، پاکستان کے عرب اسلامی ممالک اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے اس حصے میں واقع ہے جہاں ہماری بہت اہمیت ہے، پاکستانی ایک مضبوط قوم ہیں، ہمیں اپنے مسائل کو حل اور اپنے وسائل کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان مزید بہتر سمت میں آگے بڑھے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے حوالے سے پاکستان کا کردار دنیا کا کوئی ملک بھی فراموش نہیں کر سکتا، خطے کا امن ہم سب کی اجتماعی کوششوں کے ساتھ منسلک ہے، پاکستان کی خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کے حوالے سے بہت سی بہتری قوم مستقبل قریب میں دیکھے گی۔