اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود کو کفایت شعاری کی مثال بنا کر قوم کے سامنے پیش کیا، اراکین پارلیمان بھی وزیراعظم کے نقشِ قدم پر چلیں، امید ہے پنجاب اسمبلی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ فوری واپس لے گی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین صوبائی اسمبلی، وزراءاور وزیراعلیٰ کی تنخواہوں میں اضافہ کے معاملہ پر کہا کہ عوامی نمائندے آگے بڑھیں اور مشکل حالات میں قوم کیلئے قربانی دیں، وزیراعظم کے بیان کے بعد صورتحال بالکل واضح ہے، وزیراعظم عمران خان نے روز ِاول سے وسائل کے تصرف کی واضح پالیسی دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے۔