وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کا وقار بحال کیا ہے، 8.2 ملین سے زائد اوورسیز پاکستانی نادرا میں رجسٹرڈ ہیں، چیئرمین نادرا طارق ملک

121

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی محمد طارق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کا وقار بحال کیا ہے اور موجودہ حکومت کی کاوشوں سے پہلی مرتبہ ملکی سیاست میں تارکین وطن حصہ لے سکیں گے، 8.2 ملین سے زیادہ اوورسیز پاکستانی نادرا میں رجسٹرڈ ہیں ، حکومت تارکین وطن کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اوورسیز پاکستانیز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تمام بیرون ملک مقیم پاکستانی مختصر وقت میں آن لائن پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں،

نادرامیں 20,498 ملازمین کام کر رہے ہیں، 760 رجسٹریشن مراکز ہیں جن میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے 10 میگا سینٹرز، 222 موبائل رجسٹریشن وینز، 3 ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے عوام کو متعدد خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔

طارق ملک نے کہا کہ تارکین وطن کو کم سے کم وقت میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی موبائل ایپس پر کام جاری ہے جن میں ڈیجیٹل این آئی سی او پی ، پاسپورٹ کی تجدید یا پاسپورٹ کے لیے نئی رجسٹریشن، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، پاور آف اٹارنی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس، لینڈ ریکارڈ، جانشینی کے سرٹیفکیٹس اوور سیز فیملی کے لیے آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کوویڈ-19کے دوران پی آئی اے کی وطن واپسی کے اقدامات، انٹرنیٹ ووٹنگ اور شکایات کا اندراج وغیرہ شامل ہیں جو سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم اقدامات ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے بین الاقوامی شعبہ کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریڑ نے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعےیومیہ کروڑوں روپے کی ترسیلات زر کی جارہی ہیں ، موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تارکین وطن کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے جامع اقدامات کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے تاریخی اقدامات کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور حکومت سے اظہار تشکر اور ان شاندار کاوشوں کو سراہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں اور ان کے زیر کفالت افراد کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں اور سکیموں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جن میں سوہنی دھرتی، جدید لگژری اپارٹمنٹس کی سکیمیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، پرائم منسٹر پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ، نیا پاکستان کالنگ پراجیکٹ ، وزٹ پاکستان، انٹرن شپ، کمپلینٹ سیل، ایمبولینس سروس، انویسٹمنٹ فیسیلٹیز سنٹر، واپس آنے والے تارکین وطن ورکرز کا دوبارہ انضمام اور فارن ایکسچینج ریمیٹنس کارڈ شامل ہیں۔

ڈاکٹر عبداللہ نے انکشاف کیا کہ ملک کی 5 فیصد آبادی بیرون ملک مقیم ہے اور 30 ​​ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات ملک کو بھیج رہے ہیں جو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر ر ہےہیں ۔