وزیراعظم عمران خان نے طویل سفر کے بعد موروثی سیاست کو شکست دے کر نئی سوچ کی بنیاد رکھی،مشکل اور تکلیف والا دور ختم ،عوام آنے والے دنوں میں بہتری دیکھیں گے،اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر

55
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے موروثی اور روایتی سیاست کو شکست دے کر ایک نئی سوچ اور ویژن کی بنیاد رکھی، وزیراعظم عمران خان کی تمام تر توجہ ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مرکوز ہے، مشکل اور تکلیف والا دور ختم ہو گیا، عوام آنے والے دنوں میں ملک میں خاطرخواہ بہتری دیکھیں گے۔

اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ملک میں تبدیلی لانے کی طویل جدوجہد رنگ لائی اور آج وہ اس مقام پر پہنچے ہیں جس پر خوشی ہے، تبدیلی کے سفر میں انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری کیونکہ ان کا مقصد بڑا تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کے ملک سے کرپشن کے خاتمے اور پاکستان کو ایک جدید فلاحی ریاست بنانے کے نعرے کی وجہ سے ساتھ دیا، یہی نعرہ آج عمل بن چکا ہے، میں نے اقتدار کیلئے نہیں بلکہ نظریے کی بنیاد پر ان کا ساتھ دیا، الیکشن میں جب ہارتے تو کئی لوگ چھوڑ کر چلے جاتے، مجھے بھی لوگوں نے کہا کہ لیکن میں نے کہا کہ اگر سارے لوگ بھی وزیراعظم عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں تب بھی میں اکیلا ان کا ساتھ جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ 2013ءانتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی، ہم نے تعلیم، صحت اور پولیس سمیت دیگر محکموں میں اصلاحات کر کے گورننس بہتر کی جس کی بنیاد پر عوام نے ہمیں دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب کیا، وزیراعظم عمران خان ملک کے ساتھ مخلص ہیں اور وہی ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نکالیں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ عوام آئندہ بھی وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے تحریک انصاف کو دوبارہ اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے، حکومت وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم عوام کو چاہیے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے وبا سے نمٹنے کے مشن میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔