اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عام عوام کےلئے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے تحت نوجوانوں کےلئے سہولیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خصوصی مراعات ، احساس پروگرام کی مد میں مالی معاونت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مسلسل جستجو ہے کہ پاکستانی عوام کی زندگی میں کیسے بہتری لائی جائے۔
اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے گذشتہ روز قوم سے خطاب کے اہم نکات کے حوالے سے ایک تصویر بھی شیئرکی جس میں کہا گیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے کمی ، بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی ، احساس پروگرام کے تحت 14ہزار روپے فی کس کی تقسیم شامل ہے۔
مزید برآں وزیراعظم نے اپنے خطاب میں 26 لاکھ طالب علموں کے لئے 38 ارب روپے کی سکالر شپس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر کی کمپنیوں کےلئے ٹیکسوں میں 100فیصد کمی، ڈیڑھ لاکھ بے روزگار گریجوایٹس کےلئے 30ہزار روپے انٹرن شپ پروگرام ، مارچ کے اختتام تک پنجاب کی تمام 11کروڑ سے زائد آبادی کےلئے صحت کارڈ کا اجرا اور آئندہ دوسال میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کےلئے 407ارب روپے کے سستے قرضے بھی شامل ہیں