اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتی ہے کیونکہ ہم ملک میں شفاف انتخابی نظام لانے کی کوششیں کر رہے ہیں، انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کے تحفظات دور کر لیں گے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بات کرنے کا ٹاسک دیا ہے اور اس مقصد کیلئے میں نے اپوزیشن جماعتوں کے کچھ ارکان سے رابطہ کیا ہے، اپوزیشن رہنمائوں کے ساتھ دوبارہ بھی رابطہ کروں گا اور انتخابی اصلاحات کے معاملے پر ان کے تحفظات دور کر لیں گے۔
اسدقیصر نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر سنجیدگی سے توجہ دیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اہم اصلاحات کے حوالے سے ایوان میں متفقہ طور پر قانون سازی کرنا چاہتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے لیکن انہوں نے ملاقات میں تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔