وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں اپنے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بزدل قرار دیا

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں اپنے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک بزدل انسان ہی دوسرے انسانوں پر اس طرح ظلم کرتا ہے جو آج کشمیر میں ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے …

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں اپنے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک بزدل انسان ہی دوسرے انسانوں پر اس طرح ظلم کرتا ہے جو آج کشمیر میں ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، 40 دنوں سے ہمارے کشمیری بھائی، بہنیں، بزرگ اور بچے کرفیو میں بند ہیں، میں آج خاص طور پر نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم بزدل ہو، صرف ایک بزدل انسان ہی دوسرے انسانوں پر اس طرح ظلم کرتا ہے جو آج کشمیر میں ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دلیر آدمی اور انسانیت رکھنے والا فرد ایسا ظلم نہیں کر سکتا جس طرح نریندر مودی اور آر ایس ایس کی جانب سے کشمیر کے بچوں اور عورتوں پر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نریندر مودی کو یہ پیغام بھی دینا چاہتا ہوں کہ جتنا مرضی ظلم کرلیں لیکن آپ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ کشمیری عوام میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے، اب انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہونا چاہئے کہ نریندر مودی آر ایس ایس کا بچپن سے ہی ممبر ہے۔ اس جماعت کا نظریہ ہندو بالادستی کا ہے اور یہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی ہے جس کی وجہ ہندوستان پر مسلمانوں کی صدیوں پر محیط حکمرانی ہے اور یہ اس کا مسلمانوں کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نریندر مودی اور ہندوستان کو کہنا چاہتا ہوں کہ میں ساری دنیا میں کشمیر کا سفیر بن کر جاﺅں گا، عالمی برادری کو آر ایس ایس کی حقیقت سے آگاہ کروں گا کہ جس طرح ہٹلر اور نازی پارٹی نے لوگوں کا قتل عام کیا، یہ بھی اسی راہ پر چل رہے ہیں۔ ان کے بانی ہٹلر کو رول ماڈل مانتے تھے۔ کشمیر میں آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ ان کے اسی نظریئے کا عکاس ہے۔