اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کی بہتری کے لئے بہت محنت کی ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ گزشتہ دس ماہ کے دوران 950 ملین ڈالرز سرپلس میں ہے، ہم قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے، پی ڈی ایم میں شامل بڑی جماعتوں کے راستے جدا ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اندر پیدا ہونے والی دراڑ اب کھل کر سب کے سامنے آ گئی ہے،
مسلم لیگ (ن) میں شہباز شریف مفاہمت کی سیاست جبکہ مریم نواز اس کے برعکس بات کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کی بہتری کے لئے بہت محنت کی ہے، موجودہ حکومت نے کئی مشکل فیصلے کئے، آج ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ گزشتہ دس ماہ کے دوران 950 ملین ڈالرز سرپلس میں ہے، ملک میں زراعت، تعمیراتی شعبہ، بڑے پیمانے پر صنعتی پیداوار اور ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں 62 فیصد ٹریکٹر کی فروخت میں اضافہ ہوا، 54 فیصد کارز، 34 فیصد موٹر سائیکل کی فروخت میں اضافہ ہوا،
سیمنٹ کی ریکارڈ تیاری اور فروخت ہو رہی ہے، ملک میں ایک کروڑ 75 لاکھ خاندانوں کو 12000 روپے احساس پروگرام کے تحت دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاق اپنا کردار ادا کررہا ہے، صوبائی حکومتوں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، ہم اپوزیشن کو کہتے ہیں کہ ایک قدم آگے بڑھیں، اٹھارہویں ترمیم، نیب، جوڈیشل ریفارمز، الیکشن ریفارمز کے لئے مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے پسند اور ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے تھے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔