اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے وزیراعظم عمران خان کے گذشتہ روز قوم سے خطاب کے اہم نکات کوٹویٹر پر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کےلئے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے گذشتہ روز قوم سے خطاب کے اہم نکات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے کمی ، بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی ،
احساس پروگرام کے تحت 14ہزار روپے فی کس کی تقسیم شامل ہے۔مزید برآں وزیراعظم نے اپنے خطاب میں 26 لاکھ طالب علموں کے لئے 38 ارب روپے کی سکالر شپس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر کی کمپنیوں کےلئے ٹیکسوں میں 100فیصد کمی، ڈیڑھ لاکھ بے روزگار گریجوایٹس کےلئے 30ہزار روپے کے انٹرن شپ پروگرام ،
مارچ کے اختتام تک پنجاب کی تمام 11کروڑ سے زائد آبادی کےلئے صحت کارڈ کا اجرا اور آئندہ دوسال میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کےلئے 407ارب روپے کے سستے قرضے بھی شامل ہیں۔