وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں پہلی بار وینٹی لیٹر کی پیداواری سہولت کا افتتاح کردیا

89

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ریڈیو و ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی آر سی) ہری پور کا دورہ کیا اور پاکستان میں پہلی بار وینٹی لیٹر کی پیداواری سہولت کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر اعظم کے کووڈ19 کے حوالے سے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ این آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بریگیڈئر توفیق احمد نے وزیراعظم کو این ٹی آر سی کی خدمات، پیداوار، اس شعبہ میں تحقیق وترقی اور تاریخ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ این آر ٹی سی کمیونیکیشن آلات، ای پولیسنگ، الیکٹرو میڈیکل آلات اور ہارڈ و سافٹ ویئر سمیت دیگر خدمات فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے پہلی بار اندرون ملک وینٹی لیٹر بنانے کے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور این آر ٹی سی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے اور اس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہترین صلاحیتوں کے مالک ماہرین موجود ہیں جو ملک کو نئی ٹیکنالوجی سے متعلق ایجادات دے سکتے ہیں اور ہماری حکومت اس سلسلے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر ممکنہ معاونت کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے رسپانس اور معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاﺅن کے ہمارے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ ہماری توجہ اب جامع ہیلتھ اصلاحات پر مرکوزہے۔بعد ازاں وزیر اعظم نے وینٹیلیٹر بنانے کی سہولت کا افتتاح کیا اور این ٹی آر سی کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔