اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے جب عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ایسے وقت میں پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنا بڑا ریلیف ہے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ریلیف سے عام آدمی کی زندگیوں پر اچھا اثر پڑے گا، حکومت مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ریلیف پیکیج کو سراہانے کے بجائے سیاست کھیل رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جدوجہد کرنے والے شخص ہیں جو ہمیشہ مشکل صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیراعظم کو عام لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے اور وہ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر اگلے انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماﺅں کے خلاف زیادہ تر کیسز جو ان کے اپنے دور حکومتوں کے دوران رجسٹرڈ ہوئے تھے منطقی انجام کی طرف جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ویہ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں، تمام چور اور لٹیرے حکومت کے خلاف متحد ہو گئے ہیں لیکن حکومت اپوزیشن جماعتوں کی کسی بھی تحریک سے خوفزدہ نہیں ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن حکومت سے این آر او چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے لیکن اس حوالے سے اپوزپشین کبھی کامیاب نہیں ہو گی، حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل کے منطقی انجام کو پہنچنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت بیرون ملک بیٹھ کر اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہے اور وہاں سے ہو کر عوام کے خلاف جھوٹی ہمدردی ظاہر کر رہی ہے، اگر وہ خود کو حقیقی لیڈر سمجھتے ہیں تو پھر انہیں وطن واپس آ کر عوام کی قیادت کرنی چاہیے۔