
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کردیا جن میں سندھ ایکسپریس (کراچی سے سکھر)، شاہ عبدالطیف بھٹائی ایکسپریس (کراچی سے میرپور خاص)، فیصل آباد ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس (پشاور سے کراچی) شامل ہیں۔ نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان ریلوے کے مطابق سندھ ایکسپریس براستہ کراچی کینٹ، لانڈھی، حیدرآباد، ٹنڈوآدم، شہداد پور، نواب شاہ، خیرپور سے ہوتے ہوئے سکھر پہنچے گی۔ سندھ ایکسپریس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 470 روپے ہوگا جبکہ شاہ عبداللطیف بھٹائی ایکسپریس، کراچی سٹی، لانڈھی، دھابے جی، حیدرآباد سے ہوتے ہوئے میرپورخاص پہنچے گی۔ اس کا کرایہ 190 روپے ہوگا۔ اس کے علاوہ فیصل آباد ایکسپریس لاہور سے براستہ فیصل آباد، ملتان تک جائے گی۔ اس کے روٹ میں خانیوال اور شور کوٹ بھی شامل ہے، اس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 260 روپے ہو گا۔