33.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم عمران خان نے کشمیرکاز کے سفیر ہونے کے ناطے سرگرم سفارتکاری...

وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکاز کے سفیر ہونے کے ناطے سرگرم سفارتکاری کے ذریعے کشمیر پر بھارتی پراپیگنڈہ کو شکست دی ہے ،وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پی این سی اے میں خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکاز کے سفیر ہونے کے ناطے سرگرم سفارتکاری کے ذریعے کشمیر پر بھارتی پراپیگنڈہ کو شکست دی ہے۔ بدھ کو وہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ادبی تنظیم ”کلام قافلہ “ کے زیراہتمام منعقدہ ایک پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فاشسٹ نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت کے بھیانک چہرے کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومتیں موثر انداز میں بھارتی پراپیگنڈا کا مقابلہ نہیں کرسکیں جس کی وجہ سے بھارت دنیا کو دھوکے میں رکھنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے یہ تاثر دیا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دہشتگردی کا ایک عمل ہے اس کی سرپرستی پاکستان کر رہا ہے اور اس نے گزشتہ سال 5 اگست کو آرٹیکل 370 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ہیراپھیری سے مقبوضہ جموںکشمیر سے اس کی خصوصی حیثیت کو چھین لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیری میں کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد کو زندہ رکھنے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ بھارتی فورسز مقبوضہ وادی میں بدترین قسم کی انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی قوم کشمیریوں کو درد کو محسوس کرتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں سے ان کے تمام بنیادی حقوق جس میں آزادی اظہار رائے ،تحریک چلانے کی آزادی اور مذہبی آزادی دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مساجد میں اپنی مذہبی عبادات ادا کرنے اجازت نہیں دی جارہی جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہندوستان اب سیکولر ریاست نہیں رہا۔ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے بعد اب ہندوستان اب ہندو راشٹر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کی حکومت نے وادی میں کشمیریوں کو محکوم بنانے کیلئے 9 لاکھ فوج تعینات کرکے اپنے ہی آئین میں شامل بنیادی حقوق کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران مواصلات کے نیٹ ورک کو معطل کر کے لوگوں کو انٹرنیٹ ، ریڈیو اور دیگر مواصلات کی بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سول سوسائٹی ،ادیب اور صحافی کشمیریوں سے اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے عالمی برادری پر دباﺅ ڈالنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے دشمن کو شکست دینے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنے کیلئے پوری اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ہی تھی جس نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کو بھرپور جواب دے کر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کو قبرستان بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر ایک فلش پوائنٹ ہے اور اگر دنیا نے اس پر توجہ نہ دی تو دونوں جوہری حریف پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ کا خطرہ باقی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ نہ صرف خطے میں امن کو تباہ کرے گی بلکہ اس کے خطرات پوری دنیا پر پڑیں گے، انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کا حصہ ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس طرح کی بدترین صورتحال میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کشمیر پر پاکستان کے واضح موقف کا اظہار کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ کشمیر جلد پاکستان کا حصہ ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=187171

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں